پنجاب نے گندم کی کاشت کا 99 فیصد ہدف حاصل کر لیا

Spread the love

لاہور۔5دسمبر (اے پی پی):پنجاب نے گندم کی کاشت کے سال 2025-26 کے لئے مقررہ ہدف کا 99 فیصد حصہ مکمل کر لیا ہے۔محکمہ زراعت پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل نوید عصمت کاہلوں نے ویلتھ پاکستان کو بتایا کہ صوبے میں ہدف کے تقریباً تمام رقبے پر گندم کی بوائی کر دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کراپ رپورٹنگ ڈائریکٹوریٹ کے مطابق 16.5 ملین ایکڑ کے مقررہ ہدف کا 98 سے 99 فیصد حصہ زیرِ کاشت آ چکا ہے،چند روز میں گندم کی بوائی 100 فیصد مکمل ہو جائے گی۔نوید عصمت کے مطابق کاشتہ موسم کے دوران تمام زرعی مداخل، خصوصاً کھاد، وافر مقدار میں فراہم کی گئیں تاکہ کاشتکاروں کو کوئی دشواری نہ ہو۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جعلی ادویات اور کھاد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔

گندم کی کاشت کی حوصلہ افزائی کے لئے پنجاب حکومت نے پیداوار میں مقابلے کا اعلان کیا ہے جس میں فی ایکڑ زیادہ پیداوار لینے والے کاشتکاروں کو لاکھوں روپے نقد انعامات کے ساتھ ٹریکٹر بھی دیئے جائیں گے۔صوبائی سطح پر پہلی پوزیشن کا انعام 85 ہارس پاور ٹریکٹر، دوسری پوزیشن کا 75 ہارس پاور ٹریکٹر اور تیسری پوزیشن کا انعام 60 ہارس پاور ٹریکٹر رکھا گیا ہے۔ضلع کی سطح پر پہلی پوزیشن کا انعام 10 لاکھ روپے، دوسری پوزیشن کا 8 لاکھ روپے اور تیسری پوزیشن کا 5 لاکھ روپے مقرر ہے۔زرعی ماہرین کے مطابق پنجاب میں موجودہ موسم گندم کی فصل کے لئے نہایت موزوں ہے کیونکہ درجہ حرارت آہستہ آہستہ فصل کی ضروریات کے مطابق کم ہو رہا ہے۔

محکمہ زراعت پنجاب کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر انجم علی بُٹر نے ویلتھ پاکستان کو بتایا کہ اب تک بیشتر علاقوں میں گندم کی بوائی مکمل ہو چکی ہے۔ البتہ کچھ مقامات پر ابھی گنا کھڑا ہونے کی وجہ سے زمین دستیاب نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ صوبے بھر میں گنے کی کرشنگ تیزی سے جاری ہے، لہٰذا ان علاقوں میں بھی گندم کی کاشت مکمل کر لی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں ہر سال گندم کی بوائی کا موزوں وقت یکم نومبر سے 30 نومبر تک ہوتا ہے تاہم حالات کے پیش نظر کبھی کبھار اس میں معمولی ردوبدل بھی ہو جاتا ہے۔ڈاکٹرانجم علی بُٹر نے اعتماد ظاہر کیا کہ صوبہ اس سال گندم کی مجموعی پیداوار کے 22 ملین ٹن کے ہدف کو بھی حاصل کر لے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button