اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):وفاقی حکومت نے جنوبی پنجاب میں معیاری اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے دو نئے تعلیمی ادارے قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب ایک دستاویز کے مطابق مظفرگڑھ میں سرکاری شعبے کی ایک نئی یونیورسٹی جبکہ راجن پور میں سائنس و ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ کے قیام کی تجاویز زیر غور ہیں۔ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے مطابق ان منصوبوں سے جنوبی پنجاب کے طلبہ کو تعلیمی اور تکنیکی مواقع میں نمایاں اضافہ ہوگا۔دستاویز کے مطابق ایچ ای سی ملک بھر خصوصاً پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں معیاری اعلیٰ تعلیم تک رسائی بہتر بنانے کے لئے نئی جامعات، سب کیمپسز اور مختلف ترقیاتی اقدامات کے ذریعے اپنی کوششیں تیز کر چکا ہے۔
حالیہ برسوں میں متعدد اعلیٰ تعلیمی ادارے کامیابی سے قائم ہو کر مکمل طور پر فعال ہو چکے ہیں۔ ان میں گلگت میں قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی، سکردو میں یونیورسٹی آف بلتستان، حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ فار ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز اور بنوں میں کُلام بی بی انٹرنیشنل ویمن انسٹی ٹیوٹ شامل ہیں۔ یہ ادارے جدید تعلیمی پروگراموں کے ذریعے علاقائی تعلیمی عدم توازن کم کرنے اور محروم طبقات تک رسائی بڑھانے کے لئے قائم کئے گئے ہیں۔
وفاقی حکومت نے دور دراز اضلاع میں وفاقی اور صوبائی چارٹرڈ جامعات کے متعدد سب کیمپسز کے قیام کے لئے بھی فنڈز فراہم کئے ہیں۔ ان میں ایئر یونیورسٹی اسلام آباد کے کھاریاں اور کامرہ کیمپس، کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے ایبٹ آباد، وہاڑی اور ساہیوال کیمپس، نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز کے کوئٹہ اور میرپور کیمپس، نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کوئٹہ کیمپس، انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کا ڈاکٹر اے کیو خان انسٹی ٹیوٹ (کہوٹہ) اور نیشنل سکلز یونیورسٹی کا کالا شاہ کاکو کیمپس شامل ہیں۔
اسی طرح سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی، کوئٹہ کے پسنی اور خضدار کیمپس، لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز کے ڈیرہ مراد جمالی کیمپس، اور بیوٹمز کے مسلم باغ اور ژوب کیمپس بھی قائم کئے جا چکے ہیں۔ آئی بی اے سکھر کا میرپورخاص کیمپس بھی اسی سلسلے کا حصہ ہے۔خیبر پختونخوا میں یونیورسٹی آف ملاکنڈ کے بٹ خیلہ کیمپس سمیت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ورچوئل یونیورسٹی کے متعدد اسٹڈی سینٹرز بھی قائم کئے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں نجی شعبے کے کیمپسز کے قیام میں بھی معاونت فراہم کی گئی ہے جن میں رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ساہیوال اور ملاکنڈ کیمپس، عبادت انٹرنیشنل یونیورسٹی کا پاکپتن کیمپس اور نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمیرجنگ سائنسز (فاسٹ) کے چنیوٹ اور فیصل آباد کیمپس شامل ہیں۔یہ تمام اقدامات ملک کے مختلف علاقوں میں بڑھتی ہوئی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے جامع حکومتی حکمتِ عملی کی عکاسی کرتے ہیں۔