
اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) کے تحت اسلام آباد میں جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کی تعمیر کے لئے 2 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ویلتھ پاکستان کے پاس دستیاب دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت کا یہ منصوبہ ملک کی جدید ترین اور بڑے پیمانے کی طبی سہولتوں میں سے ایک بننے جا رہا ہے۔ یہ فیصلہ اعلیٰ درجے کے علاج اور طبی تحقیق کی صلاحیتوں میں موجود دیرینہ خلا ء کو پُر کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
کے پی ٹی کی یہ مالی معاونت ایک وسیع تر سرمایہ کاری حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد محروم علاقوں میں معیاری صحت کی سہولیات تک رسائی کو بہتر بنانا ہے۔ مجوزہ ادارہ ایک جدید ہسپتال اور تحقیقاتی مرکز کے طور پر تیار کیا جائے گا جہاں مختلف طبی شعبہ جات میں پیچیدہ مریضوں کے علاج کے ساتھ ساتھ سائنسی تحقیق کے جامع پروگرام بھی چلائے جائیں گے۔جناح میڈیکل کمپلیکس جو اسلام آباد کے سیکٹر ایچ-16 میں واقع ہے، وفاقی حکومت کی منصوبہ بندی میں کافی عرصے سے شامل ہے۔
تکمیل کے بعد یہ کمپلیکس عالمی طبی معیار پر پورا اترے گا، تمام صوبوں کے مریضوں کو خدمات فراہم کرے گا اور جڑواں شہروں سمیت ملحقہ علاقوں کے سرکاری ہسپتالوں پر بوجھ نمایاں طور پر کم کرے گا۔توقع ہے کہ جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر جدید صحت کی فراہمی اور طبی تحقیق دونوں شعبوں میں قومی صلاحیت کو مضبوط بنائے گا جس سے اسلام آباد کو جدید طبی خدمات اور سائنسی تحقیق کے ایک اہم مرکز کے طور پر فروغ ملے گا۔