پاکستان میں عربی ادب کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔مدد علی سندھی

Spread the love

” عربی سیکھنا ہر مسلمان کے لئے ضروری ہے، پاکستان میں عربی ادب کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں آج کی یہ کانفرنس ایک منفرد اور اہم ترین موضوع پر ہے جس کے انعقاد پر میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، شرکت کی دعوت پر میں یونیورسٹی کا شکرگزار ہوں "اِن خیالات کا اظہار وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، مدد علی سندھی نے ” بیسویں صدی کے دوسرے نصف میں عربی ناول کے جدید رجحانات” کے موضوع پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں کیا۔کانفرنس کا اہتمام یونیورسٹی کے شعبہ عربی(کلیہ عربی و علوم اسلامیہ)نے کیا تھا۔اس کانفرنس میں عراق، سعودی عرب، مراکش،مصر، اردن، تھائی لینڈ، ملائیشیا، عمان، الجیریا، نائجیریا اور شام کے13 سکالرز فزیکلی جبکہ 15انٹرنیشنل سکالرز آن لائن شریک ہیں۔وفاقی وزیرنے مزید کہا کہ یہ کانفرنس بہت اہمیت کی حامل ہے اور باقی کانفرنسوں سے بلکل منفرد ہے،جدید عربی ناول سے ہمارے لوگ ناواقف ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کانفرنس کو رونق بخشنے پر وفاقی وزیر تعلیم،مدد علی سندھی کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم خود ایک جانی پہچانی علمی شخصیت ہیں، تحقیق اور علم کے میدان میں اُن کا تعارف کسی چیز کا مختاج نہیں۔وائس چانسلر نے کہا کہ دنیا بھر کے اسلامی سکالرز اِس کانفرنس میں شریک ہیں جواپنے تحقیقی مقالوں کے ذریعے عرب معاشرے کی حقیقی تصویر کشی کریں گے۔ وائس چانسلر نے اس امید کا اظہار کیا کہ کانفرنس میں غیر ملکی سکالرز کی سیر حاصل گفتگو عربی ادب کے فروغ کے لئے سود مند ثابت ہوگی۔ڈاکٹر ناصر محمود کا کہنا تھا کہ عرب کی اپنی ایک تاریخ ہے اور اُن کی زبان بہت وسیع ہے جس کی وجہ سے عرب معاشرہ اپنی تہذیب و ثقافت سے جڑاہوا ہے۔افتتاحی سیشن سے بین الاقوامی یونیورسٹی کی فیکلٹی آف عربی زبان کے سینئر استاد ،پر وفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمن عاصم، اوپن یونیورسٹی کے فیکلٹی آف عربی و علوم اسلامیہ کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی، شعبہ عربی کے چئیرمین، ڈاکٹر عبدالمجید بغدادی نے بھی خطاب کیا۔ عربی ناول میں جدید رجحانات پر دو روزہ اس عالمی کانفرنس کے دونوں دن متوازی سیشنز ہوں گے۔ اختتامی تقریب آج(جمعرات 14۔دسمبر، 2023 )کو منعقد ہوگی جس میں کانفرنس کی سفارشات پیش کی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button