
سوات(بیورورپورٹ) مینگورہ میں مختلف بازاروں میں تجاوزات کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے ٹریفک وارڈن پولیس نے ڈی ایس پی ٹریفک وارڈن لوئر سوات اکبر حیات خان اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر امیر زیب خان کی قیادت میں متعدد تجاوزات ہٹادئے ہیں۔ نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی پر 16 موٹرسائیکل سواروں کو بھی دھرلیا گیا ہے۔ایس پی ٹریفک وارڈن حبیب اللہ خان نے اپنے پیغام میں کہاکہ تجاوزات مافیاز رضا کارانہ طور پر تجاوزات کا خاتمہ کر یں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی کیونکہ تجاوزات قائم کرنے سے ٹریفک جام اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں پارکنگ سٹینڈ میں کھڑی کریں جبکہ نو پارکنگ زون میں موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں کھڑی کرنیوالوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔
۔۔۔