پاکستان کے غربت میں کمی کے پروگرام سے روزگار کے ایک لاکھ 79 ہزار نئے مواقع پیدا ہوئے

Spread the love

مکو آ نہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – این این آئی۔ 18 دسمبر2025ء) پاکستان کے نمایاں غربت میں کمی کے اقدام کے تحت ملک بھر میں روزگار کے تقریباً ایک لاکھ 79 ہزار نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں جو نیشنل پاورٹی گریجویشن پروگرام (این پی جی پی) کا ایک اہم نتیجہ ہے۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ کی دستاویز کے مطابق پروگرام کے نفاذ کے دوران لاکھوں گھرانوں نے این پی جی پی کی مداخلتوں سے فائدہ اٹھایا، ایک لاکھ 65 ہزار سے زائد گھرانوں کو پائیدار آمدن کے حصول کے لئے پیداواری اثاثے اور تکنیکی تربیت فراہم کی گئی جبکہ 2 لاکھ 4 ہزار سے زائد گھرانوں کو بلاسود قرضے دیئے گئے۔

مجموعی طور پر 3 لاکھ 4 ہزار سے زائد قرضہ جاتی ادائیگیاں کی گئیں جو کاروباری ترقی اور روزگار کے ذرائع مضبوط بنانے کے لئے بار بار فراہم کی جانے والی معاونت کی عکاسی کرتی ہیں۔

صلاحیت سازی پروگرام کا ایک بنیادی جزو رہی اور تقریباً 2 لاکھ 27 ہزار گھرانوں نے منظم روزگار سے متعلق تربیتی پروگراموں میں شرکت کی، جن میں کاروباری ترقی، مالیاتی آگاہی، اثاثہ جات کا انتظام اور بنیادی کاروباری مہارتیں شامل تھیں۔

ان اقدامات کا مقصد مستفید ہونے والوں کو اثاثوں کے مؤثر استعمال اور معاشی خود کفالت کی جانب منتقلی کے قابل بنانا تھا۔پروگرام کے اثرات کا جائزہ ایک آزاد تیسرے فریق کے ذریعے کئے گئے اینڈ لائن سروے میں لیا گیا۔ دستاویز کے مطابق سروے میں یہ بات سامنے آئی کہ روزگار سے متعلق اثاثے اور بلاسود قرضے حاصل کرنے والے 56 فیصد گھرانے انتہائی غربت سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے۔

مزید یہ کہ 47 فیصد مستفید ہونے والوں نے گھریلو آمدن میں 30 فیصد یا اس سے زیادہ اضافے کی اطلاع دی، جو آمدنی میں پائیدار بہتری کی نشاندہی کرتا ہے۔اس اقدام کے نمایاں سماجی نتائج بھی سامنے آئے۔ سروے کے نتائج کے مطابق مستفید ہونے والی 48 فیصد خواتین نے گھریلو فیصلوں میں اپنے کردار میں اضافے کی اطلاع دی، جو معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ خواتین کے بااختیار ہونے کی عکاسی کرتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button