
باجوڑ(نمائندہ خصوصی) ضلع باجوڑ میں پاکستان سپورٹس فیسٹول جوش و خروش کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ضلعی انتظامیہ اور فرنٹیئر کور نارتھ کے باہمی اشتراک سے منعقدہ پاکستان سپورٹس فیسٹول 6 سے 23 مئی 2024 تک باجوڑ میں منعقد ہوا جس میں کرکٹ، فٹبال، ہاکی، والی بال، بیڈمنٹن، اور سپیشل پرسن کے وہیل چیئر کے مقابلے منعقد ہوئے۔ ان مقابلوں میں 206 ٹیموں اور 2800 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ جبکہ ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں نے ان مقابلوں کو دیکھا۔ ضلع باجوڑ میں پاکستان سپورٹس فیسٹول رنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اختتامی روز ہاکی اور والی بال کے فائنل مقابلے بھی منعقد ہوئے۔ جبکہ روایتی کھیل دیسی کشتی اور ٹگ آف وار کے مقابلے بھی منعقد ہوئے۔ سپیشل افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے سپیشل پرسنز وہیل چیئر مقابلے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اختتامی تقریب میں سکول کے بچوں نے ایتھلیٹکس کا خوبصورت مظاہرہ پیش کیا۔ اس موقع پر فرنٹیئر کور نارتھ کے بینڈ نے قومی دھنیں بجا کر حاضرین سے داد وصول کی۔ جبکہ مقامی فنکاروں نے علاقائی رقص پیش کیا۔ اختتامی تقریب میں مقامی کھانوں کے سٹالز بھی لگائے گئے تھے۔ مہمان خصوصی نے پاکستان سپورٹس فیسٹول میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو میڈلز دیئے۔ جبکہ فائنل مقابلے جیتنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو ٹرافیاں اور نقد انعامات سے نوازا۔