
ایف بی آر سے جی ایس ٹی مسائل کے حل کیلئے تعاون کی یقین دہانی
ملاکنڈ (محمد انس نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ جناب شاہد خان مہمند کی ہدایت پر آج ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلیننگ) ملاکنڈ نے چیمبر آف کامرس کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اس اجلاس میں کئی اہم امور زیر غور آئے اور ان پر عملدرآمد کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کے آغاز میں بزنس کمیونٹی کے جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کا معاملہ زیر بحث آیا۔ اس سلسلے میں واپڈا کے بلوں میں شامل جی ایس ٹی کے مسئلے کو ایف بی آر حکام کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایف بی آر کے اسسٹنٹ کمشنر نے اس مسئلے کے حل میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
رمضان کے مہینے میں دیے گئے خصوصی پیکجز کا بھی اجلاس میں تذکرہ ہوا۔ چیمبر آف کامرس بالخصوص فلور ملز اور گھی ملز کی بہترین کارکردگی کو سراہا گیا اور ان اداروں کو تعریفی اسناد دی گئیں۔ یہ اسناد ان کی محنت اور عزم کی عکاس تھیں جو انہوں نے رمضان کے دوران عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں دکھائی۔ اجلاس میں ضلع بھر میں گوداموں کی رجسٹریشن کے مسئلے پر بھی گفتگو کی گئی۔ ٹریڈ یونین اور سیول ڈیفنس نے اس سلسلے میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تاکہ اس عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔