
چکدرہ(تحصیل رپوٹر) کیٹیگری بی ہسپتال چکدرہ کے ایم ایس ڈاکٹر حماد نے کہا ہے کہ ہسپتال میں فارمیسی کھلنے سے مریضوں سمیت علاقہ بھر کے عوام کو 11 فیصد سستی اور معیاری ادویات ملیں گی اور اس کا کریڈٹ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی ہمایون خان کو جاتا ہے ، گزشتہ روز ہسپتال میں عمر فارمیسی کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حماد نے کہا کہ کیٹیگری بی ہسپتال چکدرہ کی صحت سہولت کارڈ کی درخواست دو دفعہ اس لئے منظور نہ ہوسکی کہ یہاں ہسپتال کے اندر فارمیسی نہیں تھی تاہم صحت کارڈ کا منصوبہ بھی جلد شروع ہو سکے گا ، انہوں نے کہا ہسپتال اور نجی فارمیسی کے مابین سستی اور معیاری ادویات کی فراہمی کا جو معاہدہ ہوا ہے اس پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اور اس فارمیسی سے علاقہ بھر کے عوام کو معیاری ادویات کا ریلیف دیا جائیگا ، فارمیسی کے مینجر مشتاق نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ادارہ معیاری ادویات کے کاروبار کا ضامن ادارہ ہے اور چکدرہ ہسپتال کیساتھ کئے گئے معاہدے کی مکمل پاسداری کرے گا ، انہوں نے دو ٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ وہ ہسپتال انتظامیہ یا عوام علاقہ کو ادویات کی قیمتوں اور معیار میں شکایت کا موقع نہیں دینگے ـ