
چکدرہ(احسان دانش)کیٹیگری بی ہسپتال چکدرہ کے کلاس فور ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں گزشتہ روز چکدرہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ، کلاس فور ملازمین کے صدر عمر پرویز وردگ ، پرویز مشوانی ، سید نواب اور ظہور خان نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کے کلاس فور ملازمین اپنے جائز مطالبات کے حق میں کئی روز سے سراپا احتجاج ہیں جبکہ موجودہ نگران صوبائی حکومت ان کے مطالبات ماننے کی بجائے ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے جس سے کلاس فور ملازمین میں گہری تشویش کی لہر دوڑ رہی ہے ، انہوں نے گورنر خیبر پختونخوا کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور مطالبہ کیا کہ کلاس فور ملازمین کے ایچ پی اے الاؤنس دیاجائے ،2001 سے 2015 تک محکمہ صحت میں بھرتی ہونے والے کلاس فور ملازمین کو مستقل کرکے پنشن کا حق دیا جائے ، 33 فیصد پروموشن کوٹہ ، 25 فیصد سن کوٹہ اور سو فیصد فوتگی کوٹہ بحال کیا جائے، مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگر ان کے مطالبات فی الفور تسلیم نہ کئے گئے تو وہ صوبہ بھر کے ہسپتال بند کرائیں گے ، ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھائے مظاہرین نے نگران صوبائی حکومت اور گورنر خیبر پختونخوا کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ـ