سوات: امن دشمنوں کو سخت جواب، عوام یکجا ہیں، فضل حکیم

Spread the love

سوات(بیورورپورٹ)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے لائیوسٹاک، فشریز و کوآپریٹیو ڈیپارٹمنٹ فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ سوات کی جانب میلی آنکھ رکھنے والوں کو سختی سے جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سوات میں امن کے لیے جو قربانیاں دی گئی ہیں، وہ کبھی فراموش نہیں ہوں گی۔ امن کے قیام کے لیے احتجاجی مظاہرے میں عوام کی بڑی تعداد کی شرکت نے ثابت کیا کہ موجودہ حالات میں عوام اور قیادت سب ایک آواز ہیں کہ امن کا دشمن ہمارا مشترکہ دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تخریب کار عناصر کا ساتھ دینے والے بھی قوم کے دشمن ہیں اور ہم کسی کو دوبارہ امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ سوات کے عوام یکجا ہیں اور امن کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے نشاط چوک میں امن کے لئے منعقدہ عوامی احتجاجی مظاہرے کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرہ عوام، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، سول سوسائٹی، تاجر برادری اور وکلاء کی بڑی تعداد کی شرکت کے ساتھ منعقد ہوا، جہاں شرکاء نے سفید جھنڈے اٹھائے اور ”سوات میں امن چاہتے ہیں ” کے نعرے لگائے۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ سوات میں دہشت گردی نے سب کو متاثر کیا ہے اور قوم نے جانوں کے نذرانے دے کر اس مشکل وقت کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب جو سازش امن و امان میں بیگاڑ ڈالنے کے لیے کی گئی ہے، اسے سب ملکر ناکام بنائیں گے۔ امن اور ترقی ہمارا مشن ہے، اور ہم اس میں کامیاب ہوں گے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ قوم پہلے بھی بیدار تھی اور اب بھی بیدار ہے اور ترقی کے لئے امن پہلا زینہ ہے امن قائم کئے بنا نہ سیاست ہوسکتی ہے اور نہ ہی قوم ترقی کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں عوام کی نمائندگی کررہے ہیں ایسے میں عوام کی حقوق کا تحفظ ہم پر فرض ہے اور ہم اپنے فرض کو بخوبی سے ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سرمایہ عوام ہیں اور زمین ہماری ماں ہے، قوم اور ملک کو نقصان پہنچانے والے سب کے دشمن ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button