
اسلام آباد: ایف بی آر نے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے پلان کو حتمی شکل دے دی، اس پلان کے تحت الیکشن سے قبل تاجروں کے لیے ریٹیلر اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایف بی آر نے اس سکیم کے نفاذ کے لیے تاجروں کی رجسٹریشن کے مقصد سے ایک ‘تاجر دوست’ موبائل ایپ تیار کی ہے۔
موبائل ایپ کے تحت ٹیکس نیٹ سے باہر تاجروں کو تاجر دوست ایپ کے ذریعے رجسٹر کیا جائے گا۔
اس ایپ کے ذریعے ایف بی آر دکانداروں کی آمدنی کا ریکارڈ حاصل کرے گا۔
ذرائع کے مطابق دکانداروں پر ان کی سالانہ آمدنی کے مطابق ٹیکس عائد کیا جائے گا جو ماہانہ وصول کیا جائے گا۔
اس اسکیم سے اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ کے ریٹیلرز سے 100 ارب روپے کی ٹیکس آمدن متوقع ہے
جب کہ دوسرے مرحلے میں دیگر شہروں میں تاجروں کی رجسٹریشن شروع کی جائے گی، جس کے تحت تقریباً 300 ارب روپے اکٹھے کیے جائیں گے۔
ملک بھر میں خوردہ فروشوں کے ٹیکس سے مزید آمدنی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق دکان کے سائز اور سالانہ آمدنی پر ٹیکس عائد کیا جائے گا جو کہ ماہانہ بنیادوں پر ادا کرنا ہوگا۔