
کابل: افغانستان میں مسلسل بارش اور برفباری نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی اور معمولات زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے مشرقی صوبے نورستان اور پنجشیر بارش اور برف باری سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور ان علاقوں کا ملک کے دیگر حصوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
طالبان حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ نورستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 20 مکانات تباہ اور 50 کے قریب افراد ملبے تلے دب گئے جب کہ خراب موسم امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ ہے۔
ریسکیو آپریشن کے دوران ملبے سے 25 لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ 8 شدید زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
کئی لوگ اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کے لیے مسلسل برف باری کے باعث امدادی کارروائیاں روکنا پڑی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اگست 2021 میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے افغانستان کے اثاثے منجمد کر دیے گئے ہیں جبکہ بین الاقوامی اداروں نے بھی فنڈنگ روک دی ہے جس کے باعث ناگہانی آفات سے نمٹنے کے لیے ضروری مشینری اور افرادی قوت کی کمی ہے۔