سوات: مالم جبہ میں موسم سرما کی پہلی برفباری

Spread the love

سوات(بیورورپورٹ)سوات کی سیاحتی مقام مالم جبہ میں موسم سرما کی پہلی برفباری کا آغاز ہوگیا ، آسمان سے روئی کی مانند گرتی برف کے نظارے دیکھنے کیلئے سیاحوں کی بہت بڑی تعداد مالم جبہ پہنچ گئی، سوات میں سردی کا آغاز ہوتے ہی دیگر سیاحتی مقامات کی طرح مالم جبہ میں بھی گزشتہ کئی دنوں سے بارش اور برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا ، اس موقع پر پی سی مالم جبہ کی جانب سے سیاحوں کی دلچسپی کیلئے مختلف قسم کے سرمائی کھیلوں اور دیگر سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، پی سی مالم جبہ کے میڈیا کوارڈی نیٹر عباس خان نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مالم جبہ کو اللہ تعالٰی نے بہت خوبصورتی سے نوازا ہے، یہاں کے گھنے جنگلات اور خوبصورت نظارے سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتے ہیں اور برف باری کے دوران وادی مالم جبہ کا حسن اور بھی نکھر جاتا ہے ، انہوں نے کہا کہ سوات میں اس وقت مثالی امن قائم ہے اور مالم جبہ پہنچنے کیلئے راستہ بھی بالکل ٹھیک ٹھاک ہے اور یہاں پہنچنے کیلئے کسی قسم کی مشکلات کا سامنا بھی نہیں کرنا پڑتا لہٰذا ہم اس خوبصورت علاقے کی سیاحت کیلئے سب کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں اور اس خوبصورت علاقے کی سیر کا مزہ لیں.سیاحتی علاقے میں اس وقت ملک بھر سے کثیر تعداد میں سیاح آئے ہوئے ہیں جو خوبصورت نظاروں کا مزہ لیتے ہوئے حسین مناظر کو اپنے ساتھ کیمرے کی آنکھ سے محفوظ کرکے لے جا رہے ہیں، اس موقع پر ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے سیاحوں نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے سوات کی سیاحت نہیں کی ہے وہ ضرور سوات بالخصوص مالم جبہ آکر یہاں کے خوبصورت نظاروں سے محظوظ ہوں.
۔۔۔۔۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button