
کابل منی بس بلاسٹ: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں شیعہ اکثریتی علاقے میں منی بس میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم سات افراد ہلاک ہوگئے۔ دھماکے میں 20 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حکام نے منگل کو یہ اطلاع دی۔
اس علاقے میں چند روز قبل بھی دھماکہ ہوا تھا۔ پولیس کے ترجمان خالد زدران نے بتایا کہ دھماکہ شہر کے مغربی حصے میں دشتی برچی کے علاقے میں ہوا۔ زدران نے کہا کہ دھماکے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی اور پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ابھی تک کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، لیکن اسلامک اسٹیٹ گروپ سے وابستہ تنظیموں نے ماضی میں علاقے میں شیعہ اسکولوں، اسپتالوں اور مساجد کو نشانہ بنایا ہے۔ اکتوبر کے آخر میں، دہشت گرد گروہ نے دشتی برچی میں ایک حملے کی ذمہ داری قبول کی جس میں کم از کم چار افراد ہلاک اور تقریباً سات دیگر شدید زخمی ہوئے۔ اگست 2021 میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے اسلامک اسٹیٹ مسلسل حملے کر رہی ہے۔