سوات(بیورورپورٹ)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین و سابق وزیر اعلیٰ محمود خان نے مالاکنڈ ڈویژن میں اورسیز پاکستانیوں کے لیے میڈیکل سینٹر کے قیام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحیثیت وزیر اعلیٰ انہوں نے اورسیز پاکستانیوں کی مشکلات کی کمی اور آسانی پیدا کرنے کے لیے اس وقت کی وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی کے سابق وفاقی وزیر ساجد طورو کو درخواست کی تھی کہ سوات اور مالاکنڈ ڈویژن کے لاکھوں مزدور سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں محنت مزدوری کے لیے جاتے ہیں تو میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ اور میڈیکل کی غرض سے وہ اسلام اباد، لاہور اور پشاور جانے پر مجبور ہوتےہیں ۔ انہوں نے کہاکہ چکدرہ میں میڈیکل سنٹرکے قیام کی منظوری سے سوات اور مالاکنڈ ڈویژن کے لاکھوں محنت کشوں کو اب میڈیکل فٹنیس کے لیے بڑے شہروں میں جانا نہیں پڑے گا جس سے نہ صرف وقت کا ضیاع کم ہوگا بلکہ ان پر اس مہنگائی میں مزیدمعاشی بوجھ سے بھی ریلیف ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کاوش میں سابق وفاقی وزیر ساجد طورو نے بھی ہماری درخواست پر عمل درآمد کرتے ہوئے اپنا مثبت کردار ادا کیا تھااور سنٹر کے قیام میں اپنا حصہ ڈالاتھا۔ جس پر میں ان کا بھی شکر گزار ہوں۔