سوات(بیوروپورٹ)خیبرپختونخوا کے وزیر جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور کروڑوں عوام پی ٹی آئی اور بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لیتے ہوئے ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے سے گریز کریں ملک کو انارکی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے،ملک کی سب سے بڑی جمہوری سیاسی جماعت پر پابندی کروڑوں عوام کی رائے کی توہین ہو گی وہ گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ مینگورہ میں پی ٹی آئی رہنما و سابق صوبائی وزیر کامران خان بنگش سے بات چیت کر رہے تھے صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کی باتیں امرانہ سوچ کی عکاسی ہے،فارم 47 کی جعلی حکومت اب پی ٹی آئی کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے اور وہ جان چکے ہیں کہ ملک کے عوام بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ ہیں، اس قسم کے غیر ذمہ دارانہ بیانات دیکر ملک کو تاریکی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی جمہوری سیاسی جماعت ہے وفاقی حکومت کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہو گا۔