
بٹ خیلہ (محمد انس نمائندہ خصوصی) گزشتہ رات لوئر دیر کے علاقے چکدرہ غزو اوسکئی کے پہاڑی سلسلے میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ بھڑک اٹھی۔ اس واقعے کے بعد ریسکیو 1122 دیر لوئر اور ملاکنڈ کی ٹیمیں فوری طور پر آگ بجھانے کے کام میں مصروف ہو گئیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ابرار علی نے خود موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کے عمل کی نگرانی کی۔
آگ کی شدت بہت زیادہ تھی۔ پہاڑی علاقے کی دشوار گزار راستوں اور تیز ہواؤں کی وجہ سے آگ بجھانے میں مشکلات پیش آئیں۔
پچھلے سال بھی ملاکنڈ ڈویژن میں اس طرح کے درجنوں واقعات رپورٹ ہوئے تھے، جن کی وجوہات کا تعین ابھی تک نہیں ہو سکا۔ مقامی عوام اور انتظامیہ ان واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس قسم کی آتشزدگی کی وجوہات کا پتہ لگایا جائے اور مستقبل میں ایسے حادثات سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
اس حادثے سے قدرتی ماحول کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ مقامی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور کسی بھی ممکنہ آتشزدگی کے خطرے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کریں۔