مالاکنڈ( محمد انس نمائندہ خصوصی) مالاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس کے ممکنہ نفاذ کے خلاف جماعت اسلامی میدان میں آ گئی اور 2 جون کو سوات ایکسپریس وے پر احتجاجی دھرنے کا اعلان کیا ہے۔ جماعت اسلامی ملاکنڈ کے رہنما شہاب حسین اور سابق صوبائی وزیر شاہ راز خان نے اپنے ساتھیوں سمیت سوات ایکسپریس وے کا معائنہ کیا۔ جماعت اسلامی کی جانب سے سوات ایکسپریس وے کا انتخاب بطور احتجاجی مقام کیا گیا ہے۔
اس احتجاج کا مقصد ٹیکس کے نفاذ کے خلاف آواز اٹھانا اور حکومت کو اپنے مطالبات کی طرف متوجہ کرنا ہے۔ امیر جماعت اسلامی مالاکنڈ شہاب حسین نے کہا کہ ٹیکس کا نفاذ عوام پر اضافی بوجھ ڈالے گا اور اس کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔
شہاب حسین اور شاہ راز خان نے مالاکنڈ کے تمام مکاتب فکر سے اپیل کی کہ وہ اپنے حق کے لئے دھرنے میں شرکت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دھرنا عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہے اور تمام شہریوں کا فرض ہے کہ وہ اس میں شامل ہو کر حکومت کو اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔